
اسلام آباد(ٹی این آئی) قومی احتساب بیورو (نیب) نے رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں کی گئی ریکوریوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں جس کے مطابق تیسری سہ ماہی میں 11کھرب روپے سے زائد کی ریکوریاں کی گئیں۔تفصیلات کے مطابق نیب نے سال 2025 کی تیسری سہ ماہی میں 11.02 کھرب روپےکی بازیابی کی اور قومی خزانے کی آمدنی میں بے مثال اضافہ کیا۔نیب کے مطابق حالیہ بازیابی پچھلی سہ ماہی کے مقابلے میں 242 فیصد زائد ہے۔ نیب نے 2025 کی پہلی تین سہ ماہیوں میں مجموعی طور پر 5 .16 کھرب روپے کی ریکوری کی ہے۔
اس سہ ماہی میں ‘عوامی دھوکہ دہی’ کے مختلف مقدمات میں 17,194 متاثرین، نیب کی ریکوریز کی بدولت مستفید ہوئے۔نیب کراچی نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مقدمے میں 2.8 ارب روپے مالیت کے 2 قیمتی پلاٹ بازیاب کرکے ادارےکے حوالےکیے۔ نیب سکھر نے 2.5 ارب روپے مالیت کی نیشنل ہائی اتھارٹی کی 361 ایکڑ اضافی اراضی کی بازیابی کی۔
اس سہ ماہی کے دوران نیب نے 1.39 ملین ایکڑپر محیط مینگرووز جنگلات کی اراضی بازیاب کرائی، جس کی مالیت 1,104.97 ارب روپے ہے۔ جنگلات کی اراضی کی کل ریکوری9. 25 کھرب روپے تک پہنچ گئی ہے۔نیب بلوچستان نے جنگلات کی 414,036 ایکڑ اراضی بازیاب کرائی کی، جس کی مالیت 44.8 ارب روپے ہے۔ نیب خیبر پختونخوا نے 3.2ارب کی غیر قانونی طور پر الاٹ کی گئی ریاستی اراضی ریکور کرکے وزارت صنعت و پیداوار کے حوالے کی۔
نیب نے عوامی دھوکہ دہی کے متاثرین کا ازالہ کرتے ہوئے B4U کیس کے 5008متاثرین کو پہلی بار رقوم کی آن لائن ادائیگی کی۔
