
اسلام آباد(ٹی این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج ترکیہ کے صدر عزت مآب جناب رجب طیب ایردوان سے عید الاضحیٰ کے پُرمسرت موقع پر ٹیلیفونک گفتگو کی۔گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ترک قیادت اور برادر ترک عوام کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی، جس کا صدر اردوان نے نہایت خلوص کے ساتھ جواب دیا۔
اپنی حالیہ ملاقاتوں، بالخصوص گزشتہ اپریل میں انطالیہ میں ہونے والی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تاریخی، آزمودہ اور برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ حالیہ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں کیے گئے اہم فیصلوں پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، خصوصاً تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری امن کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کی قیادت میں جاری امن اقدام کے لیے ترکیہ کی مضبوط اور مستقل حمایت پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں مذاکرات، استحکام اور کشیدگی میں کمی کے ذریعے امن کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
صدر ایردوان نے 24 مئی کو بلوچستان میں ٹرین پر ہونے والے افسوسناک بم دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں میں ترکیہ ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ وزیراعظم نے یکجہتی اور ہمدردی کے اظہار پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی ہر شکل کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔
