
برطانوی اخبار گارڈین نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مجوزہ معاہدے کا مسودہ اسرائیل سمیت اپنے اتحادی ممالک کو بھیج دیا ہے، جس میں آبنائے ہرمز کھولنے، امریکی ناکہ بندی ختم کرنے اور ایران کے منجمد اثاثوں تک رسائی دینے جیسی اہم شقیں شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق مجوزہ مفاہمتی یادداشت میں تجویز دی گئی ہے کہ آبنائے ہرمز کو 30 روز کے اندر جنگ سے پہلے کی سطح پر بحال کیا جائے تاکہ عالمی تجارتی اور تیل بردار بحری راستے دوبارہ معمول پر آسکیں۔
گارڈین کے مطابق چین نے بھی اس مجوزہ معاہدے میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حتمی معاہدے کی توثیق اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے کی جائے تاکہ اسے عالمی قانونی حیثیت حاصل ہوسکے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ معاہدے کے خدوخال پر امریکا اپنے اتحادی ممالک خصوصاً اسرائیل اور خلیجی ریاستوں سے مشاورت کر رہا ہے، جبکہ حتمی منظوری اور دستخط کے مراحل ابھی باقی ہیں۔
تاحال امریکا یا ایران کی جانب سے اس رپورٹ پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
