
لاہور(ٹی این آئی)پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہےکہ عید پر پنجاب بھر سے 3 لاکھ 76 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں، ستھرا پنجاب کے ہر ورکر کو 10 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔لاہور میں وزیربلدیات ذیشان رفیق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب اتھارٹی نے عیدالاضحیٰ پرصفائی کے حوالے سے شاندار کارکردگی دکھائی، صفائی مانیٹرنگ کے لیے پہلی بار ڈرونز اورجدید ٹیکنالوجی استعمال کی گئی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عید پر صفائی آپریشن مثالی رہا اور ستھرا پنجاب پروگرام پاکستان بھر میں سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بنا رہا۔صفائی مہم میں ایک لاکھ 84ہزارسے زائد ورکرز نے حصہ لیا، کیٹل مارکیٹس کی نگرانی اور صفائی بھی یقینی بنائی گئی، مریم نواز کا بنایا ہوا نظام فلیگ شپ پروجیکٹ بہترین انداز میں چل رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی عید کے روز سرجری ہوئی تھی، وہ سرجری کے باوجود صفائی آپریشن کی نگرانی کرتی رہیں، آئی سی یو سے باہر آتے ہی ان کا پہلا سوال عوام کی سہولت اور صفائی کے نظام کے بارے میں تھا، جو ان کی عوامی دردمندی کا منہ بولتا ثبوت ہے, اللہ کا شکر ہے وزیراعلیٰ صحت مندہوگئی ہیں، سرجری بھی کامیاب رہی، وزیراعلیٰ کسی دوسرے ملک علاج کے لیے نہیں جارہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کراچی میں بھی صفائی جیسی سہولت ہونی چاہیے، کوئی صوبہ اچھا کام کرتا ہے تو دوسرے صوبے بھی اس سے سیکھیں، اگلے سال محکمہ بلدیات کویونین کونسل سطح پر مذبح خانے بنانےکی ہدایات دے دی گئی ہیں۔
