
سابق وزیراعظم عمران خان اپنے چیف آف اسٹاف شہباز گل سے ملاقات کیلئے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز( پمز) پہنچے تاہم انہیں شہباز گل سے ملاقات کی اجازت نہیں مل سکی۔
Editor Arshad mahmood Ghumman
اسلام آباد (ٹی این آئی نیوز)وزیراعظم عمران خان اپنے چیف آف اسٹاف شہباز گل سے ملاقات کیلئے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز( پمز) پہنچے تاہم انہیں شہباز گل سے ملاقات کی اجازت نہیں مل سکی۔عمران خان کی آمد کے موقع پر پمز اسپتال میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی تھی اور وہ کارڈیالوجی وارڈ کے باہر ملاقات کیلئے اپنی گاڑی میں ہی انتظار کرتے رہے۔
تاہم پولیس کی جانب سے انہیں شہباز گل سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی اور عدالت سے اجازت حاصل کرنے کا کہا گیا۔اس دوران کارڈیالوجی وارڈ کے باہر تحریک انصاف کے کارکنوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے۔دوسری جانب اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہباز گل سے ملنے کی کسی کو اجازت نہیں اور اسپتال پراضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق عوام یا کوئی بھی شخص ملاقات کی کوشش کرکے امن وامان کی صورتحال پیدا نہ کرے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے اسپتال میں سکیورٹی کا مناسب بندوبست کیا ہے، ملزم جسمانی ریمانڈ پر نہیں ہے اور ملزم سے ملاقات کی اجازت نہیں۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق کسی بھی لا اینڈ آرڈرکی صورتحال بننے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
