

لاہور (ٹی این آئی)سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے بہادری کی مثال قائم کر دی، تھانے پر حملہ کرنیوالے خودکش حملہ آور کو ہلاک کردیا۔

خودکش حملہ آور نے سی ٹی ڈی لاہور کے تھانے میں داخل ہونے کی کوشش کی، شناخت پوچھنے پر دہشتگرد نے سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، سی ٹی ڈی تھانے کی ڈیوٹی پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے دہشتگرد مارا گیا۔ ہلاک ہونیوالے دہشتگرد سے خودکش جیکٹ اور دو ہینڈ گرنیڈ برآمد کرلیے گئے ہیں۔ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشتگرد تھانے پر حملہ کرنا چاہتا تھا، اس کی شناخت نہیں ہو سکی، واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کرکے لاش کو تحویل میں لے لیا گیا ہے، خودکش جیکٹ کو ناکارہ بنانے کیلئے بم ڈسپوزل سکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا جس نے جیکٹ کو ناکارہ بنا دیا۔
