تنہا کھڑے اورہارے ہوئے شخص کو کو ئی این آر او نہیں دیں گا۔مریم نواز
لاڑکانہ (ٹی این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے گڑھی خدابخش میں جلسہ عام سے خطاب میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے این آر او مانگنے کیلئے اپنے میسنجر کو جیل میں قید شہباز شریف کے پاس بھیجا مگر اس ہارے ہوئے اور تنہا کھڑے ہوئے شخص کو کوئی این آراو نہیں دے گا۔

جلسے سے خطاب میں مریم کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ والو، آپ کی بہن نوازشریف اور شہباز شریف کا محبت بھرا سلام لےکرآئی ہے، محبت بھرے استقبال پر آپ کا بہت بہت شکریہ ادا کرتی ہوں، آصف زرداری، بھائی بلاول بھٹو، بختاور اور ادی فریال کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں بلاول کے مہمان کے کمرے کا دروازہ توڑا گیا تو بلاول بھٹو نے مجھے نوڈیروہاؤس اپنے گھرپررکھا تاکہ کوئی حملہ نہ کرسکے۔
لیگی نائب صدر نے کہا کہ ٹی وی پر محترمہ کے جان لیوا حملے کی خبر آئی تھی، خبر سنتے ہی نواز شریف سب سےپہلے ہسپتال پہنچے، نواز شریف چند لوگوں میں سے تھے جنہیں ڈاکٹروں نے بی بی کی شہادت کی خبر دی، بینظیر کی شہادت پر میری والدہ سمیت سب رو رہے تھے، میں نے تو کچھ سال اپنی والدہ کے ساتھ گزارے لیکن بلاول نے بچپن میں ماں کو کھودیا۔
مریم نواز نے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ عمران خان چیخ چیخ کر کہہ رہا ہے مجھے کچھ نہیں آتا، اپنے منہ سے اعتراف کررہا ہے نااہل ہوں، نالائق ہوں، خود کہہ رہا ہے تیاری کے بغیر حکومت میں نہیں آناچاہیے لیکن تمہیں یہ کہنا چاہیےکہ تیاری کے بغیر حکومت میں نہیں لانا چاہیے۔
ان کا کہنا ہے کہ مہنگائی پر کہتا ہے خودکشی ہورہی ہے تو میں کیا کرسکتا ہوں، اپوزیشن مہنگائی کی بات کرے تو وزیراعظم کہتے ہیں کہ اپوزیشن فوج کو بدنام کر رہی ہے، عمران خان نے ہی ایک پیج کی رٹ کی تکرار کرکے فوج کو بدنام کیا ہے۔
لیگی نائب صدر نے کہا کہ مجرم ناکام شخص پی ڈی ایم سے این آر او مانگ رہا ہے، ایک شخص اکیلا کھڑا نظر آرہا ہے، ناکام ہے، ہارا ہوا ہے، کبھی کسی کو میسج بھیجتا ہے، کبھی میسنجر بھیجتا ہے، شہبازشریف سے خاندان والوں کی ملاقات نہیں ہوتی لیکن میسنجر کیلئے دروازے کھول دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے این آر او مانگنے کیلئے اپنے میسنجر کو جیل میں قید شہباز شریف کے پاس بھیجا مگر اس ہارے ہوئے اور تنہا کھڑے ہوئے شخص کو کوئی این آراو نہیں دے گا، تمہاری اوقات اور حیثیت ایک این آر او دینے والے کی بھی نہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پہلے کہتا تھا این آر او نہیں دوں گا، اب کہتاہے کسی نے این آر او دیا تو ملک سے غداری کرے گا، کہتا وہ عوام کو ہے سناتا کسی اور کو ہے۔
