
لاہور ( ٹی این آئی نیوز)ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس نے وزیر اعلی آفس کو ماہ ستمبر کی رپورٹ ارسال کردی ۔ اینٹی کرپشن کی رپورٹ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بُزدار کو پیش کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق ماہ ستمبر میں اینٹی کرپشن نے پنجاب بھر سے قبضہ مافیا سے 4648 کنال 14 مرلہ سرکاری اراضی واگزار کرائی ۔ قبضہ مافیا سے واگزار کرائی گئی زمین کی مالیت ایک ارب 30 کروڑ 78 لاکھ سے زائد ہے۔ ڈی جی خان ڈویژن سے سب سے زیادہ 2961 کنال سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرائی گئی ۔ جبکہ ریکوریوں کی مد میں اینٹی کرپشن نے گزشتہ ماہ 13.9 ملین روپے کی ڈائریکٹ ریکوری کر کے سرکاری خزانہ میں جمع کرائے۔ ان ڈائریکٹ ریکوری کی مد میں 980.13 ملین کی خطیر رقم خزانہ سرکار میں جمع کرائی گئی ۔ بلواسطہ اور بلا واسطہ ریکوریاں سرکاری محصولات ، فیسوں اور نقشہ جات کی فیس ، اور خُردبُرد شدہ سرکاری رقوم کی واپسی کی مد میں کی گئیں۔ ڈائریکٹ ریکوری میں ڈی جی خان جبکہ ان ڈائریکٹ ریکوری میں راولپنڈی ریجن سرفہرست رہیں ۔
گزشتہ ماہ اینٹی کرپشن کو پنجاب بھر میں کرپشن اور رشوت ستانی سے متعلق 3142 شکایات موصول ہوئیں۔سب سے زیادہ شکایات 691 بہاولپور ریجن میں اور سب سے کم لاہور ریجن بی میں 125 موصول ہوئیں۔ گزشتہ ماہ اینٹی کرپشن نے 2544 شکایات کا ازالہ کیا جبکہ ماندہ پر کام جاری ہے۔ رپورٹ کرپشن ایپ پر گزشتہ ماہ 417 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 335 کا ازالہ کیا گیا۔
گزشتہ ماہ 567 نئی انکوائریاں شروع ہوئیں جبکہ 535 کا ازالہ کیا گیا۔ گزشتہ ماہ 107 مقدمات کا اندراج جبکہ 118 کو منطقی انجام تک پہچایا گیا۔ اینٹی کرپشن نے گزشتہ ماہ 24 ٹریپ ریڈ کئے جبکہ 166 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ماہ ستمبر میں سات مختلف افراد کو کرپشن کیسز میں عدالت کی جانب سے مجرم قرار دیکر سزائیں سنائی گئیں۔
