
اسلام آباد ہائیکورٹ نے براڈ شیٹ کمیشن کے چیئرمین جسٹس (ریٹائرڈ) شیخ عظمت سعید کی تقرری کے خلاف درخواست مسترد کردی
C.E.O:Arshad Mahmood Ghumman
اسلام آباد (ٹی این آئی نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے براڈ شیٹ کمیشن کے چیئرمین جسٹس (ریٹائرڈ) شیخ عظمت سعید کی تقرری کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے شہری سلیم اللہ خان کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار وکیل نے چیف جسٹس کے کیس سننے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے بینچ تبدیل کرنے کی استدعا کی جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا جی آپ نے تو ہر بینچ پر اعتراض عائد کررکھا ہے۔
عدالت نے بینچ پر اعتراض سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا جو اب جاری کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے 4 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔
فیصلے کے مطابق عدالت کی جانب سے موقع دیے جانے کے باوجود درخواست گزار نے دلائل نہ دیے لہٰذا درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کی جاتی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کی 7 ججوں کے سامنے مقدمہ سماعت کیلئے مقرر نہ کرنے کی استدعا بھی مسترد کی گئی جبکہ درخواست گزارکی من پسند عدالت میں مقدمہ سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا بھی مسترد کی گئی۔
درخواست گزار نے جسٹس(ر)عظمت سعید شیخ کو کمیشن سے ہٹانے کی استدعا کررکھی تھی۔
درخواست گزار نے جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید شیخ کوبطور چیئرمین براڈ شیٹ انکوائری کمیشن ہٹانے کی درخواست میں مؤقف اختیار کر رکھا تھا کہ جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید نیب میں بطور ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل خدمات انجام دے چکے ہیں، براڈ شیٹ انکوائری کمیشن کے سربراہ کے طور پر تقرری مفادات کا ٹکراؤ ہے، کسی بھی ریٹائرڈ جج کو ریٹائرمنٹ کے دو سال تک کسی عہدے پر تعینات نہیں کیا جا سکتا۔
