اینٹی کرپشن کا قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کروڑوں کی اراضی واگزار کروالی۔ڈی جی اینٹی کرپشن
لاہور (ٹی این آئی)اینٹی کرپشن کی پنجاب بھر میں قبضہ مافیا کے ساتھ کاروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ کروڑوں روپے مالیت کی سینکڑوں کنال سرکاری اراضی واگزار کرالی گئی ہے ۔ اس حوالے سے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب گوہر نفیس کا کہنا تھا کہ قبضہ مافیا سے تاوان کی وصولی یقینی بنائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن نے روجھان کے علاقے صفدر آباد سے 480 کنال سرکاری اراضی واگزار کرا لی۔ واگزار کرائی گئی زمین کی مالیت 3کروڑ 10 لاکھ روپے ہے۔ ایک دوسری کاروائی میں اینٹی کرپشن نے ضلع راجن پور کے علاقے راخ مرغائی سے 104 کنال سرکاری اراضی واگزار کرالی۔ زمین کی مالیت 1 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے۔ اینٹی کرپشن راجن پور کے سرکل آفیسر غلام اصغر نے پولیس اور محکمہ مال کی بھاری نفری کے ساتھ قبضہ مافیا کے خلاف کاروائی کی۔ واگزار کرا کے زمین محکمہ مال کے سپرد کر دی گئی ہے۔
اس حوالے سے ڈی جی اینٹی کرپشن کا کہنا تھا کہ متعلقہ محکمے سرکاری املاک کی حفاظت یقینی بنائیں۔ قبضہ و لینڈ مافیا کے خلاف پنجاب بھر میں کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
