جن کے پاس ایک سیٹ نہیں وہ حکومت گرانے کا سوچ رہے ہیں، شوکت یوسفزئی
پشاور(ٹی این آئی) وزیر محنت و ثقافت خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ جن کے پاس ایک سیٹ نہیں وہ حکومت گرانے کا سوچ رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ مولانا سیاست سے باہر ہوچکے ہیں ،اب یہ اسمبلی میں آنےکی کوشش کررہے ہیں، ان کے نا ہونے سے اسمبلیوں میں امن ہے،سب خوش ہیں،مولانا احتجاج شوق سے کریں گزارش ہے مدارس کے طلبہ کو استعمال نہ کریں ۔
شوکت یوسف زئی نے پیپلزپارٹی کو للکارتے ہوئے کہا کہ اگر ان میں ہمت ہے تو سندھ اسمبلی توڑ کر میدان میں آئیں، احتجاجوں سے حکومت نہیں گرائی جاسکتی۔ وزیر محنت و ثقافت خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ نواز شریف جب بھی آئے گرفتار کیاجائے گا،حکومت نواز شریف سے متعلق لائحہ تیار کررہی ہے جوعمران خان کو جانتے ہیں وہ سمجھ لیں کہ احتساب ہوگا۔
اس سے قبل صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی اپنے خلاف اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی کے کیس میں سیشن کورٹ میں پیش ہو ئے تھے،اے این پی سربراہ اسفندیارولی نے شوکت یوسفزئی کے خلاف ایک ارب ہرجانےکا کیس کر رکھا ہے جس میں عدالت شوکت یوسفزئی کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا ،فاضل عدالت نے کیس 15 اکتوبر تک ملتوی کر دیا ۔
