
لاہور (ٹی این آئی)اینٹی کرپشن نے محکمہ پولیس ، جنگلات ، مال اور سوشل ویلفئیر کے کرپٹ سرکاری ملازمین پر چھاپے مار کر مختلف شہروں سے پانچ کرپٹ ملازمین رنگے ہاتھوں گرفتار کر لئے۔ بھکر سے ٹریفک پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل محمد ادریس کی ٹریپ ریڈ کے دوران قُلفی کھاتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس کا دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ قُلفی کھانے کا مزہ تو حلال کی کمائی سے ہے۔ اپنے پیسوں سے قُلفی کھاتے تو پکڑے نہ جاتے۔ غریب عوام کی جیبوں سے چائے پانی کے نام پر پیسے نکالنے والے سرکاری ملازمین کا ٹھکانہ جیل ہے۔ چائے پانی کے نام پر رشوت خوری پر زیرہ ٹالرینس ہے۔
ملزم محمد ادریس سے رشوت کے اٹھارہ ہزار نشان زدہ نوٹ برآمد کرکے پرچہ درج کرلیا گیا ہے۔ اسی طرح ویلفئیر برانچ ، ڈی پی او آفس ساہیوال کا کلرک علی حسن رنگے ہاتھوں گرفتار ۔ ملزم کو سرکل آفیسر عابد صغیر نے ٹریپ ریڈ کر کے تین ہزار رشوت لیتے گرفتار کیا ۔
اسی طرح چوبارہ لیہ کے علاقے نواں کوٹ سے پٹواری محمد اصغر کو پچاس ہزار رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ جبکہ محکمہ جنگلات سرگودھا کے کلرک امجد خان کو اٹھارہ ہزار رشوت لیتے گرفتار کیا گیا۔ دوسری جانب فیصل آباد سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیر شکیل انجم کو بیس ہزار رشوت لیتے گرفتار کیا گیا۔ اس حوالے سے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں کرپٹ سرکاری اہلکاروں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے۔
