
لاہور(ٹی این آئی)اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے لاہور ماسٹر پلان کرپشن سکینڈل میں چوہدری پرویز الٰہی کو راولپنڈی سے گرفتار کر لیا ۔ چوہدری پرویز الٰہی پر الزام ہے کہ انھوں نے بحثیت وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے عہدے اور دفتر کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مالی فوائد کے لئے لاہور ماسٹر پلان میں جعلسازی کی۔ تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی نے دارلہندسہ/کنسلٹنٹ کی طرف سے جمع کروائے گئے لاہور ماسٹر پلان میں اپنی خاندانی زرعی زمین کو شامل کرکے اسے کمرشل اور رہائشی زمین بنانے کیلئے کنسلٹنٹ کی جعلی مہریں اور مونوگرام والے پیڈ تیار کر کے جعلی کاغذات تیار کئے اور بعد ازاں غیر قانونی طور پر ان جعلی کاغذات کو ماسٹر پلان کا حصہ بنا دیا۔ اسی طرح چوہدری پرویز الہی نے اپنے عہدے اور دفتر کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے متعلقہ افسران سے زبردستی اس پلان کی منظوری حاصل کی۔
لاہور ماسٹر پلان میں ردوبدل کا واحد مقصد اپنی خاندانی زرعی زمینوں کو لاہور میں شامل کر کے اربوں روپے کے فوائد حاصل کرنا تھا۔ جس پر اینٹی کرپشن لاہور نے چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف لاہور ماسٹر پلان میں جعلسازی پر مقدمہ درج کر کے انکوائری کا آغاز کر دیا ہے ۔ ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق اینٹی کرپشن کرپٹ اور بدعنوان عناصر کے خلاف بلاامتیاز کاروائیاں کر رہا ہے اور جلد لاہور ماسٹر پلان کرپشن کیس میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔
