
راولپنڈی (ٹی این آئی)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بنگلا دیش کے دورے کے موقع پر بنگلادیشی آرمی چیف سے ملاقات کی جس میں پاک بنگلا دیش افواج کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک میں دفاعی تعاون میں مثبت پیشرفت پر اظہار اطمینان کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کی عسکری قیادت کی سطح پر باقاعدہ دورے جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔ ملاقات میں عالمی اور علاقائی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آرکا کہنا ہےکہ ملاقات میں پاک بنگلا دیش افواج کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ ملاقات میں تربیت، مشترکہ مشقوں اور انسداد دہشت گردی میں تجربات کے تبادلے پرگفتگو ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین نے جھوٹی اور تقسیم انگیز اطلاعاتی مہمات کے بڑھتے چیلنجز پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور اتفاق کیا کہ خطرات سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی کو مزید مضبوط بنایا جائےگا۔
