
اسلام آباد(ٹی این آئی نیوز)سابق گورنر سندھ اور سابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی موجودہ قیادت نااہل ہے اور واضح نظر آرہا ہے کہ پی ٹی آئی کے پاس اب کوئی راستہ نہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران اسماعیل کا کہنا تھاکہ تمام سیاسی جماعتوں بشمول پی ٹی آئی کو ٹیبل پر بیٹھ کر بات کرنی چاہیے، ہمیں سب سے بات کرنی پڑے گی، رویے تبدیل کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت نااہل ہے، واضح نظر آرہا ہے کہ پی ٹی آئی کے پاس اب کوئی راستہ نہیں، پی ٹی آئی مصالحت کی بات کرے ورنہ ندامت ہوگی، پاکستان کو اب ایک سمت دینی ہے، جھگڑوں کو پس پشت ڈال کر ایک سمت پرچلنا چاہیے۔ان کا کہنا تھاکہ پاکستان میں احتساب کی باتیں توہوئیں عملی طور پر احتساب نہیں ہوا، فیض حمید کو 14 سال کی سزا سنائی گئی، ایسا طریقہ اپنایا گیا جو پاکستان کی فوج کیلئے بھی مشکل تھا۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں محمود مولوی نے کہا کہ فوجی عدالت کا فیصلہ خوش آئند ہے، فیض حمید کی وجہ سے اداروں کو نقصان پہنچا، تمام سیاسی جماعتوں کو ایک میز پر بیٹھنا چاہیے کے ہم کس راہ پر چلیں۔
