صدارتی انتخاب کے ساتھ امریکی سینیٹ کے انتخابات میں سخت مقابلہ
نیو یارک (ٹی این آئی)صدارتی انتخاب کے ساتھ ساتھ امریکی سینیٹ کے انتخابات میں بھی ری پبلکنز اور ڈیموکریٹس کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔

امریکی سینیٹ میں ہر ریاست کی 2 نشستیں مختص ہیں اور اس طرح امریکی ایوان بالا میں کل 100 سیٹیں ہیں اور ہر سینیٹر 6 سال کیلئے منتخب ہوتا ہے اور ہر 2 سال بعد ایک تہائی ارکان ریٹائر ہوجاتے ہیں۔
امریکی سینیٹرز براہ راست عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوتے ہیں اور رواں سال بھی صدارتی اور ایوان نمائندگان (ایوان زیریں) کے انتخابات کے ساتھ عوام نے سینیٹرز کیلئے بھی حق رائے دہی استعمال کیا ہے۔
موجودہ صدارتی انتخاب کے ساتھ امریکی سینیٹ کی 35 نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں جس میں سے 33 سینیٹرز کی ریٹائرمنٹ اور 2 کے انتقال کے بعد خالی ہوئی ہیں۔
اس وقت امریکی سینیٹ میں ری پبلکنز کے سینیٹرز کی تعداد 53 جب کہ ڈیموکریٹس کی 47 ہے۔ موجودہ 35 نشستوں پر انتخاب میں سے 23 ری پبلکنز اور 12 ڈیموکریٹس ارکان کی خالی ہونے والی نشستوں پر انتخاب ہورہے ہیں۔
