
کراچی (ٹی این آئی)کراچی میں ایرانی قونصل جنرل اکبرعیسٰی زادے نے کہا ہے کہ پاکستان سے تجارتی، سفارتی، سیاسی میدان میں بہترین تعلقات ہیں، ایران پاکستان باہمی تجارت 10ملین ڈالر تک بڑھانے پرکام کر رہے تھےکہ امریکا نےجارحیت کردی۔
انسٹیٹیوٹ آف فارن افیئرز کراچی میں تقریب سے خطاب میں قونصل جنرل ایران اکبرعیسٰی زادےکا کہنا تھا کہ امریکی جارحیت سے پہلے عرب ریاستوں سے ایران کے بہترین تعلقات تھے۔ ایرانی سپریم لیڈرعلی خامنہ ای کو شہید کرکے امریکا نے بدترین مثال قائم کی، اسرائیل اور امریکا نے اسکول پر حملہ کرکے 168 بچوں کو شہیدکیا، افسوس ناک پہلو یہ ہےکہ عالمی ادارے اس ظلم پر خاموش ہیں، یہ عالمی اداروں کا دوغلا رویہ ہے۔
اکبرعیسٰی زادےکا کہنا تھا کہ ایران نے میزائل پروگرام اور ڈرونز کے ذریعےطاقت کےتوازن کو قائم رکھا ہے، امریکا تسلیم کرےکہ اس نے ایران پر حملہ کرکے بڑی غلطی کی، آبنائے ہرمز امریکا اور اسرائیل کی جارحیت کے نتیجے میں بند ہوئی، پہلےکھلی ہوئی تھی، امریکی ناکہ بندی سے پہلے بھی آبنائے ہرمز سے جہازوں کو گزرنےکی اجازت دی تھی، امریکی ناکہ بندی کے بعد ہرمز کی بندش ایران کی ریاستی پالیسی کے تحت سامنےآئی۔
