
لاہور(ٹی این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف کا اقوامِ متحدہ امن دستوں کے عالمی دن 29 مئی 2026 پر پیغام آج پاکستان اقوام عالم کے ساتھ مل کر اقوامِ متحدہ امن دستوں کے عالمی دن پر امن کے سپاہیوں کو بھر پور انداز میں خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔عالمی سطح پر ہر سال یہ دن دنیا کے جنگ زدہ علاقوں میں اقوام متحدہ کے پرچم تلے عسکری، پولیس اور سویلین دستوں کی خدمات اور قربانیوں کے اعتراف میں منایا جاتا ہے۔اس سال یہ دن Invest in Peace "امن کے فروغ میں سرمایہ کاری” کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔ یہ موضوع پائیدار عالمی امن اور انسانی جانوں کے تخفظ کے فروغ میں پرعزم سیاسی حمایت اور مالی معاونت کی کلیدی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
یہ دن اقوامِ متحدہ کے پہلے امن مشن United Nations Truce Supervision Organization (UNTSO) کے قیام کی یاد کو بھی تازہ کرتا ہے۔ جس نے 1948 میں فلسطین میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔امن دستوں کی تاریخ میں 20 لاکھ سے زیادہ مرد و خواتین 70 سے زائد امن مشنز میں خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔پاکستان اقوام متحدہ کے امن دستوں کے لیۓ سب سے دیرینہ اور بڑے شراکت دار ممالک میں شامل ہے۔ عالمی امن کے قیام اور تخفظ میں ان ممالک کا امن دستوں کےتوسط سے نہایت موثرکردار ہے۔ یہ کردار بلاشبہ اجتماعی طور پر امن کی ترجیح کا آئینہ دار ہے۔
پاکستان 1960 سے لے کراب تک 235000 اہلکاروں کے ساتھ 48 سے زائد امن دستوں میں اپنی خدمات پیش کر چکا ہے۔ جن میں 500 سے زائد خواتین اہلکاربھی شامل ہیں۔ یہ امر پوری قوم کے لئے باعث فخر ہےکہ اقوام متحدہ کے امن دستوں کے لیۓ پاکستان پانچواں بڑا شراکت دار ہے۔
دنیا بھر میں امن کے قیام کے لیے خدمات انجام دینے والے بہادر امن دستوں نے انسانیت کے تحفظ اور عالمی استحکام کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے جو امن کے ساتھ انکی پرخلوص وابستگی کا مظہر ہے۔ اب تک 4 ہزار 400 سے زائد امن اہلکار فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہو چکے ہیں جن میں 181 سے زائد پاکستانی شامل ہیں۔
پاکستان کو اپنے شہداء اور ان بہادر سپوتوں پر فخر ہے جو دنیا کے مختلف خطوں میں امن، استحکام اور انسانیت کے تحفظ کے لیے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور غیر معمولی عزم کے ساتھ خدمات انجام دے رہے ہیں۔
پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز کے توسط سے عالمی امن کو مزید موثر کرنے میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھنے کےعزم کا اعادہ کرتا ہے۔ پاکستان کا یہ تعاون عالمی امن و استحکام اور کثیر الجہتی سفارت کاری پر ہمارے غیر متزلزل عزم کا عکاس ہے
