
اسلام آباد(ٹی این آئی نیوز) الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کو نوٹس جاری کر دیا۔ڈی آر او کی جانب سے رانا ثنا اللہ کو نوٹس جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ رانا ثنا نے پی پی 116 میں رانا شہریار کی ریلی میں شرکت کی اور خطاب کیا۔
دوسری جانب ترجمان الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ضلعی مانیٹرنگ آفیسر فیصل آباد نے رانا ثناللہ کے خلاف کارروائی کی اور رانا ثنا اور رانا شہریارپر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ترجمان الیکشن کمشنر پنجاب کا کہنا ہے کہ راناثنااللہ نے رانا شہریار کی انتخابی مہم میں شرکت کر کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔ جرمانہ کل تک ادا نہ کرنےکی صورت میں کیس الیکشن کمیشن کو بھجوایا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل این اے 96 فیصل آباد کے ضمنی الیکشن میں ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کو بھی 24 نومبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے۔
