خرید لو یادھمکا دوشریف خاندان کا پرانا وطیرہ ،سینیٹر فیصل جاوید
اسلام آباد ( ٹی این آئی) پاکستان تحریک انصا ف کے رہنما و سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ خرید لو یادھمکا دو نیا نہیں انکا پرانا وطیرہ ہے،ہر آرمی چیف کیخلاف محاذ کھولنا اور اس پر حملے کرنا انکی روایت رہی ہے۔ ہمارے ادارے خصوصاً فوج ہمارے دفاع کی ضامن اور ہمارا فخر ہے۔ اپنے ایک بیان میں سینیٹرفیصل جاوید نے کہا کہ ریاستی و قومی اداروں کے سربراہان و افسران کی ایک طویل فہرست ہے جنہیں شریف خاندان نے اپنے شر کا نشانہ بنایا ہے، جنرل آصف نواز کو کرولا سے ہٹا کر مرسڈیز کی پیشکش کی کہانی قوم کو یاد ہے، رفیق تارڑ کا بریف کیس بھر کر کوئٹہ میں ججوں کی خریداری کیلئے جانا بھی قوم کے ذہن میں تازہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جسٹس ملک قیوم کی شہباز اور انکے درباری سیف الرحمٰن کی فون کالز میڈیا پر گونج رہی ہیں، چھانگا مانگا میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا سجایا گیا جمعہ بازار بھی قوم کی آنکھوں کے سامنے ہے فےصل جاوےد کا کہنا تھا کہ جسٹس سجاد علی شاہ کی عدالت پر مسلح یلغار کے شرمناک مناظر قوم کے سامنے ہیں، عدالتوں سے سزا یافتہ خاتون کی قیادت میں نیب کے دفتر پر پتھراو تو ابھی کل کی بات ہے، اداروں پر حملے ان کا پرانا وطیرہ ہے قوم نے ہمیشہ اسے نفرت کی نگاہ سے دیکھا ہے، ہر آرمی چیف کیخلاف محاذ کھولنا اور اس پر حملے کرنا انکی روایت رہی ہے ، جنرل آصف نواز، جنرل عبدالوحید کاکڑ، جنرل جہانگیر کرامت، جنرل پرویز مشرف کے بعد نواز شریف دوبارہ اپنی پرانی روش پر چل نکلے ہیں،
ہمارے ادارے خصوصاً فوج ہمارے دفاع کی ضامن اور ہمارا فخر ہے، پہلی مرتبہ انکا واسطہ اس مردِ قلندر سے پڑا ہے جسے خریدنے کا تصور بھی ناممکن ہے، خرید نہ سکے تو کشکول اٹھائے وزیراعظم عمران خان سے این آر او کی بھیک مانگنے آپہنچے، این آر او نہ ملا تو ریاست کیخلاف ہندوستان کے ہم آواز بن گئے، قوم نے عمران خان کو چوروں کے کڑے احتساب کا مینڈیٹ دیا ہے انہوں نے کہا عمران خان قوم سے کیا گیا ایک ایک وعدہ نبھائیں گے اور ان سے پورا حساب لیں گے
