اہم خبریںپاکستان

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک (پی ڈی ایم) کے سربراہ اجلاس میں 12 نکاتی ’میثاق پاکستان‘ پر اتفاق


اسلام آباد، لاہور (ٹی این آئی)اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک (پی ڈی ایم) کے سربراہ اجلاس میں 12 نکاتی ’میثاق پاکستان‘ پر اتفاق کرلیا گیا۔

اپوزیشن اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت سربراہی اجلاس ہوا جس میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ اختر مینگل ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس میں مریم نواز نے بھی والد نواز شریف کی جگہ شرکت کی۔
اجلاس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال اور حالیہ گلگت بلتستان انتخابات کا جائزہ لیا گیا جبکہ چارٹر آف پاکستان پر بھی مشاورت کی گئی۔

اتحاد میں شامل جماعتوں کا 12 نکاتی میثاق پاکستان پر اتفاق
اپوزیشن اتحاد کے اعلامیے کے مطابق سربراہ اجلاس میں 12 نکاتی میثاق پاکستان پر اتفاق کیا گیا جس کے مطابق وفاقی، اسلامی، جمہوری، پارلیمانی آئین پاکستان کی بالادستی اور عمل داری اور پارلیمنٹ کی خود مختاری یقینی ہو۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیاست سے اسٹیبلشمنٹ اور انٹیلی جنس اداروں کے کردار کا خاتمہ اور آزاد عدلیہ کا قیام یقینی بنایا جائے جبکہ آزادانہ، غیرجانبدارانہ اورمنصفانہ انتخابات کیلئے اصلاحات اور انعقاد شامل ہے۔

میثاق پاکستان میں عوام کے بنیادی انسانی اور جمہوری حقوق کا تحفظ، صوبوں کے حقوق اور 18ویں ترمیم کا تحفظ، مقامی حکومتوں کا مؤثر نظام، اظہار رائے اور میڈیا کی آزادی کا دفاع، انتہا پسندی اور دہشتگردی کا خاتمہ اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے نکات شامل ہیں۔
اعلامیے کے مطابق مہنگائی، بیروزگاری اور غربت کے خاتمے کیلئے ہنگامی معاشی پلان جبکہ آئین کی اسلامی شقوں کا تحفظ اور عمل درآمد بھی نکات میں شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button