پاکستانجرم وسزا

نیب نے سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کے خلاف کرپشن کا ریفرنس دائر کر دیا

لاہور (ٹی این آئی)قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کے خلاف کرپشن کا ریفرنس دائر کر دیا۔
نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں دائر کرپشن ریفرنس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ احسن اقبال نے نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے میں اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔
ریفرنس کے متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ احسن اقبال نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے وفاقی حکومت کے فنڈز صوبائی منصوبے میں خرچ کروائے.یاد رہے کہ نیب نے 23 دسمبر 2019 کو احسن اقبال کو نارووال اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر میں مبینہ بدعنوانی کے الزامات پر گرفتار کیا تھا۔
نیب دستاویز میں کہا گیا کہ نارووال اسپورٹس کمپلیکس سٹی منصوبے کی لاگت 34.410 ملین روپے سے بڑھا کر 97.520 ملین کی گئی اور لاگت بڑھانے کی کسی مجاز اتھارٹی یا فورم سے منظوری نہیں لی گئی۔
نیب دستاویزات میں بتایا گیا کہ منصوبہ ریکارڈ کے ساتھ 15 مارچ 2012 کو پنجاب حکومت کے حوالے کیا گیا، پنجاب اسپورٹس بورڈ کو منصوبے کی حوالگی کے باوجود احسن اقبال نے اس پر وفاقی حکومت کے فنڈز خرچ کیے۔
رہنما مسلم لیگ ن پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے بدنیتی سے منصوبے کا دائرہ کار بڑھایا جس کا کوئی مطالبہ بھی نہیں کیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button