
لاہور (ٹی این آئی نیوز)اینٹی کرپشن کی صوبہ بھر میں چھوٹی کرپشن کے خلاف چائے پانی مہم کامیابی سے جاری ہے۔ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس کا کہنا تھا کہ آٹا سبسڈی، شوگر ملز مافیا، قبضہ مافیا ، غیر قانونی پیٹرول پمپس مافیا کے ساتھ چائے پانی مافیا کے خلاف بھی جہاد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جھنگ کے علاقے اٹھارہ ہزاری کے تھانہ سے سب انسپکٹر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ۔ ملزم قاضی ارشد نے مدعی سے چائے پانی کے نام پر بیس ہزار روپے رشوت وصول کی۔ لاہور ریجن بی کے سی او قصور نے سروس سینٹر اہلکار محمد یاسر کو پچاس ہزار رشوت لیتے گرفتار کیا۔اسی طرح پٹواری رفیق لنگاہ کو بہاولپور کے علاقے اُچ بخاری سے تیس ہزار رشوت لیتے گرفتار کیا گیا۔ جبکہ گجرات کے علاقے کیراں والی پٹواری محمد نذیر کو بیس ہزار رشوت لیتے گرفتار کیا گیا۔
گورنمنٹ ہائی سکول ریاض الدین سیداں گجرات سے ہیڈ ماسٹر چاند کامران کو دس ہزار روپے رشوت لیتے گرفتار کیا گیا۔ہیڈماسٹر نے مدعی سے چینج فارم بھیجنے کے لئے چائے پانی کے دس ہزار لئے۔ اس حوالے سے محمد گوہر نفیس کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں کرپٹ سرکاری اہلکاروں کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں جاری ہیں۔
