
اسلام آباد(ٹی این آئی نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیرداخلہ شیخ رشید مری موٹروے سے پنڈی پولیس کے ہاتھوں گرفتار، گرفتاری کے بعد اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ منتقل کردیا گیا۔بعد ازاں پولیس کی جانب سے شیخ رشیدکو اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ سے میڈیکل کیلئے پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ شیخ رشید نشے کی حالت میں تھے، شیخ رشید کے پاس سے مہنگے برانڈ کی شراب برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق شیخ رشید کے قبضے سے ایم 4 رائفل، کلاشنکوف اورآٹومیٹک گن بھی برآمد کی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کے خلاف آبپارہ تھانے میں مقدمہ درج ہے۔ایف آئی آر کے مطابق شیخ رشید نے الزام لگایا ہے کہ آصف زرداری نے عمران خان کو مروانے کیلئے دہشتگردوں کی خدمات حاصل کرلی ہیں، جس کا مقصد آصف زرداری کو بدنام کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق شیخ رشید کےخلاف آب پارہ تھانے میں پی پی راولپنڈی ڈویژن کے صدر راجہ عنایت الرحمان کی درخواست پرمقدمہ درج کیا گیا تھا۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو گرفتاری کے بعد تھانہ آب پارہ منتقل کردیا گیا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھاکہ ان لوگوں نے دروازے توڑ کر گھر میں داخل ہوکر میرے بچوں کو مارا ہے، میرے ساتھ زیادتی اور ظلم کیا ہے
دوسری جانب
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ وہ شیخ رشید کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ اتنی متعصبانہ نگران حکومت تاریخ میں کبھی نہیں آئی۔
ہمیں سڑکوں پر آنے پر مجبور کیا جارہاہے،کیا ملک ایسے وقت احتجاج کا متحمل ہوسکتا ہے جب امپورٹڈ حکومت کے ہاتھوں دیوالیہ ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ پولیس کی جانب سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کےخلاف آب پارہ تھانے میں مقدمہ درج ہے، شیخ رشید پر مقدمہ پی پی راولپنڈی ڈویژن کے صدر راجہ عنایت الرحمان کی درخواست پردرج کیا گیا تھا
