
راولپنڈی (ٹی این آئی نیوز) پاک فوج کے کور کمانڈرز نے فوجی تنصیبات کے خلاف گھناؤنے جرائم میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ فورم نے قرار دیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف مزید تحمل کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا، کور کمانڈرز نے جاری سیاسی عدم استحکام کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا اور اتفاق رائے تک پہنچنے کے لیے ایسی تمام کوششوں کی حمایت کرنے کا عزم بھی کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے آج جی ایچ کیو میں سپیشل کور کمانڈرز کانفرنس (سی سی سی ) کی صدارت کی۔ شرکاء نے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے دہشت گردی کی لعنت سے لڑتے ہوئے مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ فورم نے ملک میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انسداد دہشت گردی اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، خاص طور پر مسلم باغ حملے میں فوجیوں کی طرف سے دیے گئے دلیرانہ جواب کا اعتراف کیا اور سرزمین کے بہادر بیٹوں کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ فورم کو موجودہ اندرونی اور بیرونی سلامتی کے ماحول کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ فورم نے گزشتہ چند دنوں میں امن و امان کی اس صورت حال کا جامع جائزہ لیا جسے سیاسی مفادات کے حصول کے لیے بنایا گیا تھا۔
