
اسلام آباد (ٹی این آئی)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا یوم حق خودارادیت کشمیر کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ حق خودارادیت کسی بھی قوم کا بنیادی حق ہے،
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے اس حق کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، اسپیکر سردار ایاز صادق یوم حق خودارادیت کشمیری عوام کے عزم کی تجدید کا دن ہے،کشمیری عوام اقوام متحدہ کی جانب سے تسلیم شدہ اپنے ناقابل تنسیخ حق کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے،
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کو تسلیم کیا تھا،اقوام متحدہ نے 5 جنوری کو استصوابِ رائے کے ذریعے کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے حق کی حمایت میں قرارداد منظور کی تھی۔
انہوں نے کہامسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کے ذریعے پر امن حل ناگزیر ہے، اقوام متحدہ کشمیر عوام کی حق خودارادیت سے متعلق قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے ٹھوس اقدامات کرے،
5 اگست 2019 کو بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے کشمیری عوام کے حق پر شب خون مارا،بھارتی حکومت کا جبر اور ظلم کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی تحریک کو کمزور نہیں کر سکتا،
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا پاکستان کشمیری عوام کی حق خودارادیت اور جدوجہدِ آزادی کی مکمل حمایت کرتا ہے، اقوامِ عالم کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے جائز مطالبے کو تسلیم کریں، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پر امن حل وقت کی اہم ضرورت ہے،
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاپاکستان کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، مسئلہ کشمیر کے پرامن حل تک پاکستان تمام علاقائی اور عالمی فورمز پر کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا،