سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی سے وزیراعظم اوران کی ٹیم پرتنقید کرنے پراستعفیٰ لے لیا گیا
کراچی(ٹی این آئی)سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی سے وزیراعظم اوران کی ٹیم پرتنقید کرنے پراستعفیٰ لے لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے قیادت کی جانب سے استعفیٰ طلب کیئے جانے بعدگورنر سندھ عمران کو اپنا استعفیٰ دے دیاہے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل کے مطابق فردوس شمیم نقوی نے اخلاقی گرائونڈ پر استعفیٰ مجھے دیا ہے، تاہم ان کے استعفیٰ کے حوالے سے ابھی وزیر اعظم نے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
گورنرسندھ نے بتایاکہ فردوس شمیم نقوی نے استعفیٰ اسی روزمعذرت کرنے کے بعد دے دیا تھا تاہم ان کے استعفے کے حوالے سے ابھی وزیر اعظم نے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔اس سے قبل مرکزی قیادت نے فردوس شمیم نقوی سے استعفیٰ طلب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ فوری طور پر استعفیٰ دے دیں۔ پارٹی قیادت فردوس شمیم سے وزیراعظم اور عمر ایوب کے بارے میں گیس معاملے پر دیئے گئے بیان پر ناراض ہے۔
سندھ میں گیس بحران پرایس ایس جی سی آفس کے باہرفردوس شمیم اپنی ہی وفاقی حکومت پربرس پڑے تھے۔ذرائع کے مطابق فردوس شمیم نقوی نے عہدہ بچانے کے لیے بھاگ دوڑبھی کی تھی۔ انہوں نے اپنی جماعت کے ایم پی ایزسے رابطہ کرکے اپنے حق میں اور معافی کے لئے خط لکھنے کی درخواست کی تھی جب کہ فردوس شمیم کے حامی ایم پی ایزنے انہیں حمایت کا یقین دلادیا تھا۔سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ بھی فردوس شمیم سے نالاں تھے جبکہ حلیم عادل شیخ قیادت کے دبائو کے باعث فردوس شمیم کی مصنوعی حمایت پر مجبور تھے۔
موجودہ صورتحال میں خرم شیرزمان نے بھی خاموشی اختیارکرلی۔ذرائع نے بتایاکہ فردوس شمیم نقوی کی بطور اپوزیشن لیڈر کارکردگی بہتر نہیں تھی جس پر ان سے استعفیٰ طلب کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ فردوس شمیم نقوی کے متنازع بیانات سے بھی مسائل پیدا ہوئے، کچھ ایم پی ایز کو فردوس شمیم نقوی سے سخت رویے کی بھی شکایات تھیں اور ان سے استعفیٰ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے طلب کیاگیاتھا۔
واضح رہے کہ فردوس شمیم نقوی نے اپنی ہی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان سمیت سب کو شرم دلائیں گے۔انہوں نے کہاتھاکہ 2 سال سے ٹرک کی لال بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے، انہوں نے وفاقی حکومت سے احتجاج کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔
فردوس شمیم نقوی نے کہا تھا کہ مسئلہ حل نہ ہونے پر خاموش نہیں بیٹھوں گا، چاہے میرا تعلق پی ٹی آئی سے ہی کیوں نہ ہو میں خاموش نہیں بیٹھوں گا، اگر شہر میں گیس کی فراہمی ٹھیک نہیں ہوئی تو سب کو شرم دلاوں گا۔