پاکستانشہر شہر سے

سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ ایک عظیم شاہکار ہے ملحقہ سڑکوں کی حالت بہتر بنائی جائے گی۔وزیر اعلی پنجاب

سیالکوٹ (ٹی این آئی )وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ ایک عظیم شاہکار ہے اسے دیگر شہروں سے ملانے والی سڑکوں کی حالت بہتر بنائی جائے گی جبکہ ڈرائی پورٹ ائرپورٹ روڈ، سمبڑیال ڈسکہ روڈ اور وزیر آباد روڈ کی ہنگامی بنیادوں پر تعمیر و مرمت کروائی جائے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ کے اقبال سی پی آئی لاؤنج میں چیئرمین سیال میاں نعیم جاوید سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وائس چیئرمین چودھری محمد افضل شاہین ،صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن پنجاب چودھری محمد اخلاق،کمشنر گوجرانوالہ گلزار حسین شاہ، ریجنل پولیس آفیسر نذیر گاڑا، ڈی پی او اسد حسن علوی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میر محمد نواز،اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف اور دیگر حکام موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی نے اپنی مدد آپ کے تحت انٹرنیشنل ائرپورٹ بنا کر ایک بہت بڑا کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ اسے کامیاب بنا نے کے لیے ان کی حکومت ہر ممکن تعاون کرئے گی۔ چیئرمین سیال میاں نعیم جاوید نے انہیں سیالکوٹ انٹرنیشنل ائر پورٹ کے قیام اور اس کی کامیابی کے بارے میں وزیر اعلیٰ کو بتایا اور کہا کہ ائرپورٹ کو آنے والی تمام سڑکیں اپنی مدت پوری کر چکی ہیں اور ان کی حالت انتہائی خراب ہو چکی ہے۔ کوئی بھی سڑک آمدو رفت کے قابل نہیں رہی۔ جس کی وجہ سے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر چودھری محمد اخلاق نے میاں نعیم جاوید کے موقف کی بھرپور تائید کی اور سڑکوں کی از سر نو تعمیر کرنے کی سفارش کی۔چیئرمین سیال میاں نعیم جاوید نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو سیال شیلڈ اور تحائف بھی پیش کئے۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب بغیر کسی پیشگی شیڈول کے آج دوپہر2;25منٹ پر ظفر وال سے بذریعہ ہیلی کاپٹر صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن پنجاب چودھری محمد اخلاق،کمشنر گوجرانوالہ گلزار حسین شاہ، ریجنل پولیس آفیسر نذیر گاڑا کے ہمراہ سیالکوٹ انٹر نیشنل ائیر پورٹ پہنچے تو موقع پر وائس چیئرمین چودھری محمد افضل شاہین، ڈی پی او اسد حسن علوی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میر محمد نواز اوراسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف نے ان کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔
سیالکوٹ: چیئرمین سیال میاں نعیم جاوید وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو سیال شیلڈ اور تحائف بھی پیش کر رہے ہیں۔ وائس چیئرمین چودھری محمد افضل شاہین اورصوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن پنجاب چودھری محمد اخلاق بھی موجود ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button