پاکستانجرم وسزا

اینٹی کرپشن نے ن لیگی ایم پی اے سے اربوں روپے کی سرکاری اراضی واگزار کروا لی۔


لاہور (ٹی این آئی)ضلعی انتظامیہ لاہور اور اینٹی کرپشن پنجاب بااثر قبضہ مافیا کے خلاف متحرک ہوگئے۔ سیف الملوک کھوکھر اراضی سکینڈل میں بڑی پیش رفت کرتے ہوئے قبضہ مافیا کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور اینٹی کرپشن کا گرینڈ آپریشن حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا۔مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر کے غیر قانونی قبضہ سے اربوں روپے مالیت کی 80 کنال اراضی واگزار کرالی گئی۔واگزار شدہ اراضی نزول لینڈ قرار دیکر مفاد عامہ کے منصوبوں کے لئے استعمال ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی سی لاہور کی درخواست پر گزشتہ روز قابضین کے خلاف اینٹی کرپشن میں پرچہ درج ہوا تھا۔ ڈی سی نے اینٹی کرپشن میں سرکار کو اربوں کا نقصان پہنچانے پر اس گھناؤنے کھیل میں ملوث سرکاری افسران اور مفاد کنندگان کے خلاف مقدمات درج کرنے کی درخواست کی تھی۔اینٹی کرپشن نے ڈپٹی کمشنر کے ریفرنس پر سیف الملوک کھوکھر کے فرنٹ مینوں پر مقدمہ درج کیا تھا۔ سیف الملوک کھوکھر نے اپنے فرنٹ مین یو سی چئیرمین مبین داؤد، مبشر ،افضل خان کی مدد سے 80کنال اراضی پر قبضہ کر رکھا تھا ۔مذکورہ اراضی پارسی خاندان عیدلڈینشاجی کی ملکیت تھی ۔
1914میں ڈینشاجی کی وفات کے بعد اولاد نہ ہونے کی وجہ سے پراپرٹی لاوارث ہوگئی تھی۔ملک سیف الملوک کے فرنٹ مینوں نے محکمہ مال کی ملی بھگت سے جعلی وارث بناکر 2015 میں اپنے اپنے نام ٹرانسفر کرا لی تھی۔
اس حوالے سے اینٹی کرپشن حکام کا کہنا تھا کہ کرپٹ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں جاری رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button