بمبئی(ٹی این آئی)بالی وڈ اداکارہ نے بھارتی فضائی کمپنی ائیرانڈیا کے 33 سالہ پائلٹ اکشت سیٹھی پر مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کردیا۔
رپورٹس کے مطابق بھارت کے شہر ممبئی سے تعلق رکھنے والی اداکارہ نے مقامی پولیس اسٹیشن میں درخواست جمع کرائی ہے جس میں فضائی کمپنی ائیر انڈیا کے پائلٹ پر جنسی زیادتی اور دھوکا دہی کا الزام لگایا گیا ہے۔
درخواست میں اداکارہ کا کہنا ہے کہ پائلٹ سے شادی کی ویب سائٹ کے ذریعے ملاقات ہوئی اور انہوں نے شادی کی ہامی بھرلی۔
اداکارہ کے مطابق پائلٹ شادی کا جھانسہ دیکر جنسی زیادتی کا نشانہ بناتا رہا جبکہ مسلسل شادی کے اصرار پر انکار کردیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔
پولیس نے واقعے پر تحقیقات شروع کردی ہیں تاہم مقدمہ فی الحال درج نہیں کیاگیا جبکہ اداکارہ کا تعلق ممبئی کے علاقے اندھیری سے ہے لیکن ان کی شناخت چھپائی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ گزشتہ 10 سال سے انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور بالی وڈ، تامل اور دیگر مقامی 30 سے زائد فلموں میں اداکاری کرچکی ہیں جبکہ ٹی وی کے ڈراموں میں بھی دکھائی دیتی ہیں۔