اینٹی کرپشن پنجاب کی کارروائی کرپشن کے الزامات میں2 پٹواری،2پولیس اہلکار گرفتار کر لیا ۔
لاہور(ٹی این آئی) ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس کی ہدایت پر صوبہ بھر میں اینٹی کرپشن نے سرکاری محکموں میں چھپی کالی بھیڑوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی کر دی ہے۔ اس سلسلے میں دو پٹواری اور دو پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر کے حوالات میں ڈال دیا۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس کا کہنا تھا کہ عوام کی جان اور مال کے محافظ جب رشوت لیں گے تو معافی کی امید نہ رکھیں۔ عوام روز مرہ کے کاموں کے لئے دو چار ہزار کی رشوت ہرگز برداشت نہ کریں۔سرکار عوام کی سہولت اور خدمت کے لئے ملازمین کو تنخواہ دیتی ہے لہذا رشوت طلب کرنے والے ملازم کی فورا ہمیں اطلاع کریں۔
حالیہ کریک ڈاؤن میں لاہور ریجن اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اعتزاز منیر نے جعلساز ٹریفک وارڈن کو گرفتار کر لیا۔ ملزم شہزاد سرکاری پیٹرول کی خرد برد میں ملوث تھا۔ اینٹی کرپشن نے میانوالی سے پٹواری کو ٹریپ ریڈ کر کے گرفتار کیا۔ ملزم سے تین ہزار روپے رشوت کی رقم برآمد کرکے پرچہ درج کرلیا گیا ہے۔اینٹی کرپشن گجرات نے نصیر پٹواری کو ضمانت خارج ہونے پر گرفتار کر لیا۔اینٹی کرپشن راولپنڈی نے کانسٹیبل جہانگیر کو جعلی مڈل سرٹیفکیٹ پر پولیس میں بھرتی پر گرفتار کر لیا۔ملزم جہانگیر کو سرکل آفیسر ذوالفقار بازید نے گرفتار کیا۔