انٹرنیشنلاہم خبریںپاکستان

موٹر ویز کو معاشی ترقی کا محرک بنایا جائے گا، جس کے تحت نئے صنعتی اور سیاحتی زونز قائم کیے جائیں گے،وفاقی وزیر منصوبہ بندی

CEO.Arshad mahmood Ghumman

اسلام آباد (ٹی این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال کی موٹر وے نیٹ ورکس کے اطراف کے علاقوں کے لیے ماسٹر پلان تریب دینے کی ہدایت۔وفاقی وزیر نے کہا کہ موٹر ویز کو معاشی ترقی کا محرک بنایا جائے گا، جس کے تحت نئے صنعتی اور سیاحتی زونز قائم کیے جائیں گے۔ این ایچ اے کو 15 دنوں کے اندر موٹر وے کی ترقی کے لیے ماسٹر پلان پیش کرنے کی ہدایت۔ پروفیسر احسن اقبال نے این 25 کو بلوچستان کی معاشی بنیاد کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت سیالکوٹ-کھاریاں اور سکھر-حیدرآباد موٹر ویز پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (P3A) کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او P3A ملک احمد خان، سیکرٹری پلاننگ جناب اویس منظور سمرا، چیئرمین این ایچ اے، ممبر انفراسٹرکچر، اور وزارت منصوبہ بندی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

 

پروفیسر احسن اقبال نے سیالکوٹ-کھاریاں موٹر وے منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کو ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کی فہرست تیار کی جائے اور ان منصوبوں کی نشاندہی کی جائے جو اس سال مکمل کئے جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے قومی فلاح و بہبود کے لیے اہم اسٹریٹجک منصوبوں کی نشاندہی کی بھی ہدایت کی، خاص طور پر N25 منصوبے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ N25 بلوچستان کی ترقی کے لیے نہایت اہم منصوبہ ہے اور یہ خطے کی معاشی ترقی کی ریڑھ کی ہڈی ثابت ہوگا۔

 

پروفیسر احسن اقبال نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ موٹر ویز کو صرف ٹرانسپورٹ لنک کے طور پر دیکھنے کے بجائے، ایک جامع پلان تشکیل دیں جسکے تحت موٹر وے کے اطراف کے علاقوں کو علاقائی ضروریات اور خطے کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے تعمیر کیا جائے۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ کامیاب ممالک کی مثالوں سے سیکھا جائے جہاں انفراسٹرکچر کی ترقی نے صنعتی اور اقتصادی ترقی کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے موٹر وے کے اطراف صنعتی پارکس، سیاحتی مقامات، تفریحی مقامات اور ریستوران کے قیام کی ہدایت کی ۔ اس کے علاوہ، تاریخی مقامات جیسے کہ گندھارا اور بدھ مت کے آثار قدیمہ اور کلر کہار کے قریب الیگزینڈر ٹریل تک لنکیج سڑکوں کی تعمیر کا بھی ذکر کیا تاکہ سیاحت اور ورثے کے تحفظ کو فروغ دیا جا سکے۔

 

وفاقی وزیر احسن اقبال نے موٹر وے کے راستوں کے ساتھ ممکنہ ترقیاتی مقامات کے تفصیلی نقشے اور ماسٹر پلان تیار کیے جانے اور انہیں اگلے 15 دنوں میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ مزید برآں، صوبائی حکومتی اداروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا تاکہ قومی انفراسٹرکچر فریم ورک میں عمودی تعمیراتی منصوبوں کو شامل کرنے پر بات چیت کی جا سکے۔ یہ اقدامات پاکستان کے موٹر وے انفراسٹرکچر کو ملک کی معاشی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے استعمال کرنے میں ایک اہم پیش رفت ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button