
عمران خان اکیلا نہیں، اس کے آگے آٹا چور اورپیچھے بجلی چور ہیں.مریم نواز کا ڈسکہ میں خطاب
C.E.O:Arshad Mahmood Ghumman
سیالکوٹ( وقاص ارشد گھمن بیورو چیف)
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہےکہ عمران خان اکیلا نہیں، اس کے آگے آٹا چور اورپیچھے بجلی چور ہیں۔
ڈسکہ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 میں ضمنی انتخاب کے لیے ن لیگ کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کے آگے آٹا چور اورپیچھے بجلی چور ہیں،دائیں گیس چور، بائیں چینی چور اور نیچے ساری اے ٹی ایم ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے 70 سال کی عمر میں 2 بار بے گناہ جیل کاٹنے کے باوجود عوام کے لیے حق کی آواز اٹھائی،جو بات نواز شریف نے تین چار سال پہلے کہی تھی، ایک ایک بات آج سچ ثابت ہوئی،نواز شریف نے کہا تھا کہ عمران خان یہ تمہارے بس کا کھیل نہیں ہے،تمہیں خوش ہونے کی ضرورت نہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک الیکشن نہیں ہے،یہ ایک جنگ ہے جنگ، عوام مہنگائی کی شکایت کریں تو وہ کہتا ہے کہ خرچے کم کریں،بتائیں ایک کروڑ نوکریوں میں سے یہاں کس کو نوکری ملی، کیا پنجاب لاوارث نہیں ہوگیا؟ آج پنجاب رو رو کر نہ صرف نواز شریف بلکہ وارث شاہ کو یاد کرتا ہے۔
نائب صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ 50 لاکھ گھر،ایک کروڑ نوکریوں کی بات کرنے والا انڈے مرغیوں اورکٹے پرآگیا، نوکریاں اورگھر دورکی بات کسی کوکٹا، مرغی یا انڈا ملا ؟ 50 لاکھ گھروں میں سے کسی کو گھر ملا؟ کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے بجلی کے کارخانے کھڑے کیے، اِنہوں نے میٹرو بس نہیں بنائی بلکہ سڑکوں کے بیچ کھڈے بنادیے،ایک میٹرو 6 سال میں بنائی جہاں بسیں چلتی کم جلتی زیادہ ہیں، 6 سال میں ایک میٹروبنائی اس کوبھی دھکا لگانا پڑتا ہے۔