
ٹیکس وصولی کا ہدف دس ماہ میں پورا کیا ‘ زین العابدین ساہی
لاہور( ٹی این آئی) چیئرمین پنجاب ریو نیو اتھارٹی زین العابدین ساہی نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کیلئے ٹیکس وصولی کا مقررہ ہدف دس ماہ میں پورا ہونے پر اسے ریوائز کر کے 141ارب روپے کر دیا گیا ہے جسے پورا کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی ،ٹیکس ریٹس میں کمی اور اوپن ڈور پالیسی کی وجہ سے ٹیکس وصولی سو فیصد سے بھی زیادہ رہی اور اسی تناظر میںآئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھی تجویز زیر غور ہے ،اتھارٹی نے ٹیکس دہندگان کا اعتماد بحال کرنے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیںجس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پنجاب ریو نیو اتھارٹی زین العابدین ساہی نے کہا کہ رواں مالی سال کے لئے ٹیکس وصولی کا ہدف 125ارب روپے مقرر کیا گیا تھا لیکن اتھارٹی کے افسران اور عملے کی کاوشوں اور ٹیکس دہندگان کے مثبت رد عمل کی وجہ سے کورونا وباء کے باوجود دس ماہ میں126ارب 3 کروڑ روپے کی وصولی یقینی بنا لی ہے ، رواں مالی سال کے ٹیکس ہدف کو ریوائز کرتے ہوئے اسے 141ارب روپے کر دیا گیا اور قوی امید ہے کہ اسے بھی حاصل کرلیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ جن شعبوں کو کورونا وباء کی وجہ سے ریلیف دیتے ہوئے ٹیکس ریٹس 16فیصد سے کم کرکے 5فیصد کئے گئے ان شعبوں میں سو فیصد سے زائد ٹیکس گروتھ ممکن ہوئی ہے ، ٹیلی کام سیکٹر سے 10ماہ میں جولائی سے اپریل تک 23ارب، بینکنگ سیکٹر سے 8ارب ، فرنچائزز سے ساڑھے 5 ارب ، انشورنس سے 4ارب ، کورئیر سروسز سے4ارب کی ٹیکس وصولی کی گئی ۔ مین پاور کے شعبے سے ٹیکس ریٹس کم کرکے 18فیصد ، کار ڈیلروں، آٹو موبائل ڈیلرز سے 27فیصد ،پراپرٹی ، اورڈویلپرز سے ٹیکس وصولی میں 11فیصد گروتھ دیکھی گئی ۔ رئیل اسٹیٹ مینجمنٹ سے گزشتہ مالی سال 96لاکھ ٹیکس وصولی ہوئی جبکہ ٹیکس ریٹس پانچ فیصد کئے گئے تو 7کروڑ روپے ٹیکس وصولی ممکن ہوئی ۔ گزشتہ سال ٹریٹمنٹ آف ٹیکسٹائل سیکٹر سے صرف 4لاکھ ٹیکس وصولی ہوئی جبکہ رواں مالی کے دس ماہ میں33لاکھ روپے وصولی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دس ماہ میں ٹیکس وصولی کے لئے کوئی بینک اٹیچمنٹ کی گئی اور نہ چھاپے مارے گئے بلکہ صرف اوپن ڈور پالیسی اور ٹیکس ریٹس کم کرنے سے سو فیصد سے زائد ٹیکس وصولی ممکن ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مختلف ایپس کے ذریعے ڈیڑھ سو سے زائد ورکشاپس کا اہتمام کر چکے ہیں جس ے ٹیکس دہندگان کا اعتماد بحال ہوا ہے ، ہم نے ٹیکسیشن کے نظام سے جڑنے کے نظام کو سہل بنایا ہے ، ٹیکس دہندگان کیلئے سہولیاتی ڈیسک کا تجربہ کامیاب رہاہے جس کے ذریعے ٹیکس دہندگان کو اعتماد دیا جاتاہے ۔