
لاہور(ٹی این آئی) ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب سہیل ظفر چٹھہ نے پنجاب بھر کے اینٹی کرپشن افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ کرپٹ اور بدعنوان عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کریں تاکہ ایک ترقی یافتہ خوشحال، کرپشن فری پنجاب کی بنیاد رکھی جا سکے۔ انکی ہدایات کی روشنی میں اینٹی کرپشن خانیوال اور وہاڑی نے کرپشن کے الزامات میں لینڈ ریکارڈ آفیسر اور اسسٹنٹ کمشنر کے ریڈر کو گرفتار کر لیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن خانیوال کو ایک شہری کی جانب سے یہ شکایت ملی کہ سروس سینٹر انچارج/ لینڈ ریکارڈ آفیسر وہاڈی نے اس سے زمین کا انتقال پاس کرانے کیلئے 50 ہزار رشوت طلب کی ہے جس پر سی او وہاڈی نے مجسٹریٹ کے ہمراہ چھاپہ مارکر سروس سینٹر انچارج/ لینڈ ریکارڈ آفیسر اکمل کو شہری سے رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتارکر لیا ۔
اینٹی کرپشن خانیوال نے ملزم سے موقع پر نشان زدہ نوٹ برآمد کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔ اینٹی کرپشن کی ایک دوسری انکوائری میں جرم ثابت ہونے پر اینٹی کرپشن وہاڑی نے اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی کے ریڈر راؤ شکیل کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کر لیا ۔ ملزم راؤ شکیل پر الزام ہے کہ اس نے بطور سینئر کلرک اے سی آفس وہاڑی تعیناتی کے دوران سرکاری زمین الاٹ کرنے کیلئے شہری سے 9 لاکھ روپے رشوت لی تھی۔ شہری کی درخواست پر اینٹی کرپشن نے بعد از انکوائری جرم ثابت ہونے پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے رقم کی ریکوری کے لئے کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔